شہید کیپٹن محمد علی کے خاندان کا ہر طرح خیال رکھا جائے گا، محسن نقوی

اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہید کیپٹن محمد علی قوم کے ہیرو ہیں، ان کے خاندان کا ہر طرح خیال رکھا جائے گا۔ محسن نقوی شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کی والدہ، اہلیہ، معصوم بیٹی اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران معصوم بیٹی آیانا والد کی تصویر کو چومتی رہی جس نے شہید والد کو ملنے والا میڈل گلے میں ڈال لیا۔ محسن نقوی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شہید کیپٹن نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

ان کا کہنا ہے کہ شہید کیپٹن محمد علی قریشی کی لازوال قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، انہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر جان نچھاور کی۔ یاد رہے کہ کیپٹن محمد علی قریشی 26 اگست 2024ء کو بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے