اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف کی رہائی کے مطالبہ کے جواب میں کہا ہے کہ شہباز شریف کی رہائی کا مطالبہ قانون کے ساتھ مذاق ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہتک عزت کیس سے متعلق عدالتی فیصلے مسلم لیگ ن کی جانب سے آنے والے ردعمل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لندن کی عدالت میں آج کی سماعت کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ شہباز شریف ڈیلی میل کے خلاف اپنا کیس جیت گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: نوازشریف کو وقت مل جاتا تو آج کشمیر پاکستان کا حصہ ہوتا، مریم نواز
وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو معلوم ہونا چاہیئے کہ آج کی سماعت کس چیز کے بارے میں تھی۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ڈیلی میل ہتک عزت کیس میں فیصلہ آنے کے بعد شہبازشریف کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ لندن کی عدالت کا فیصلہ شہباز شریف کی بےگناہی کی شہادت ہے، جھوٹ بہتان باندھنے والے جیل میں ہوں گے، عمران خان کے ہر جھوٹ کا انجام انشاء اللہ ایسا ہی نکلے گا۔انہوں نے اپنے برطانوی عدالت کے فیصلے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ عدل اور انصاف جب بھی ہوا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت سرخروہوئی، انہیں جیل بھجوانے والے خود جیل گئے۔ انشاءاللہ جب بھی عدل اور انصاف ہوگا ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت پھر سرخرو اور ان پر جھوٹ بہتان باندھنے والے جیل میں ہوں گے۔