سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 8 خوارجی دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے کیپٹن اور سپاہی شہید

آپریشن

راولپنڈی (پاک صحافت) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے، خوارج کیخلاف آپریشن 29 نومبر سے یکم دسمبر کو کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں کے علاقے بکاخیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر موثر انداز میں کارروائی کی۔ بکاخیل آپریشن میں پانچ خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ اس کارروائی کے دوران سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے شگئی میں ایک اور کارروائی کی جس میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ 2 کو سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن محمد زوہیب الدین نے جام شہادت نوش کیا، کیپٹن محمد زوہیب الدین آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ یہ خوارج سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے