اسلام آباد (پاک صحافت) سینیٹ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی۔ حکومت قومی اسمبلی میں بھی دوتہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ 225 اراکین نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ آئینی ترمیم کی مخالفت میں 12 ووٹ دیے گئے۔ ایوان نے دو تہائی اکثریت سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرلی۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرگئے
26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، آئین میں چھبیسویں ترمیم کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی میں جے یو آئی ف سمیت حکومتی اتحاد کے اراکین کی تعداد 219 تھی، قومی اسمبلی میں 6 آزاد ارکان نے بھی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیے۔ ووٹ دینے والوں میں چودھری الیاس، عثمان علی، مبارک زیب، ظہور قریشی، اورنگزیب کھچی بھی شامل ہیں۔ جے یو آئی کے 8 اراکین نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔