سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کا تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس شرح میں کمی کی تجویز منظور

سینیٹ

اسلام آباد (پاک صحافت) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے نان فائلرز کے فون اور انٹرنیٹ پر 75 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے اور تنخواہ دار طبقے پر شرح کم کرنے کی تجویز منظور کرلی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا سربراہ سینٹرسلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں نان فائلرز کے فون اور انٹرنیٹ پر 75 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دید ی گئی تاہم یکم جولائی سے پراپرٹی پر 15 فیصد کیپیٹل گین ٹیکس عائد کرنے اور ٹیکس وصولی کیلئے پارلیمنٹیرینز کا ریکارڈ نادرا کو دینے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔

سینیٹر انوشے رحمان نے کہا کہ نادرا کا ڈیٹا محفوظ نہیں جبکہ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی نے نادرا کو ڈیٹا دینے کا کہا ہے، گریڈ 17 اور 22 کے افسران کا ڈیٹا بھی دیا جائے گا تاہم کمیٹی نے سیاستدانوں کا ڈیٹا نادرا کو دینے کی تجویز مسترد کردی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ فنانس بل میں پراپرٹی کی خریداری پر لیٹ فائلر کی شق متعارف کرائی گئی ہے، جس کا ٹیکس ریٹ فائلر اورنان فائلر کے درمیان رکھنے کی تجویز ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ لیٹ فائلر پر ٹیکس نان فائلر کے برابر ہونا چاہیے جبکہ انوشے رحمان نے کہا کہ فائلرز پر مہربانی کریں اور نان فائلر پر ٹیکس بڑھائیں۔ قائمہ کمیٹی نے پراپرٹی پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز موٴخر کر دی جبکہ فاٹا اور پاٹا کیلئے ٹیکس استثنٰی ایک سال کیلئے بڑھانے کی تجویز بھی مسترد کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے