سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم حفیظ شیخ کو ہی ووٹ دے گی، شیخ رشید کا دعویٰ

شیخ رشید احمد

اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے دوران حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان  پی ٹی آئی امیدوار حفیظ شیخ کو ہی ووٹ دے گی۔  شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پڑھے  لکھے لوگوں کی جماعت ہے اور عمران خان کے اتحادی ہیں، انہیں معلوم ہےکہ انہوں نے کیا فیصلہ کرنا ہے اور مجھے امید ہے ایم کیو ایم بھی حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی، اسلام آباد سے سینیٹ کا الیکشن حفیظ شیخ ہی جیتیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ حفیظ شیخ نے پاکستان کی ڈوبی ہوئی معیشت کابیڑا اٹھایا اور بطور وزیرخزانہ ایکس چینج ریٹ مستحکم کیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم اپنا احتجاج دو چار دن آگے لے جائے، اگر اپوزیشن قانون ہاتھ میں نہیں لے گی تو اُن کیلئے کوئی رُکاوٹ نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ کل سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنے والا ہے اس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ کل پریس کانفرنس کرنی ہے یا نہیں، سپریم کورٹ کل سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ یا خفیہ بیلٹ کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پراپنی رائے جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ  گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی اور مشروط طور پر سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم کیلئے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔ وہیں آج ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کے ظہرانے میں بھی شرکت نہیں کی۔ جس پر سیاست میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ دوسری جانب وفاقی ویزر علی زیدی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے وزرا مصروفیت کے باعث شریک نہیں ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے