اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے بین الاقوامی برادری کی سیلاب کے بعد بحالی میں معاونت کی تعریف کی ہے۔ بین الاقوامی شراکت دار معاونت گروپ کا وفاقی وزیر احد چیمہ کی زیرِ صدارت چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں رومینہ خورشید اور مختلف وزارتوں کے سینئر افسران، عالمی ترقیاتی شراکت داروں، سفراء اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں 2022 ء کے سیلاب کے بعد بحالی کی کوششوں پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے بین الاقوامی برادری کی بحالی میں معاونت کی تعریف کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 4 آر ایف منصوبوں کے مقاصد میں منصوبہ بندی، مالی کمٹمنٹس، رہنمائی اور فنڈنگ شامل ہیں۔ اجلاس میں ورلڈ بینک اور یو این ڈی پی نے بحالی کی سرگرمیوں پر اپ ڈیٹس پیش کی گئیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احد چیمہ نے توانائی اور انفرااسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بین الاقوامی کانفرنس کے وعدے کے مطابق اپریل 2024ء تک 2.8 بلین ڈالرز تقسیم ہو چکے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر احد چیمہ نے یو این ڈی پی کی حمایت پر ڈاکٹر سیموئل رزق کا شکریہ ادا کیا۔