اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کا سیستان میں قتل ہونے والے 8 پاکستانیوں کے قتل پر بیان سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیستان کے شہر مہرستان میں 8 پاکستانی شہریوں پر مسلح حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ غیر انسانی اور بزدلانہ واقعہ ناقابل قبول ہے۔ دہشتگردی پورے خطے کیلئے ایک مستقل اور مشترکہ خطرہ ہے، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ممالک کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایرانی سفارت خانے نے مزید کہا کہ یہ رجحان گزشتہ دہائیوں میں ہزاروں بے گناہ انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، خطے میں امن و استحکام کے لئے اجتماعی اور مربوط کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں، مشترکہ کوششوں سے دہشت گردی کی مختلف اقسام کو ختم کیا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ ایران کے صوبے سیستان کے شہر مہرستان میں دہشت گردوں نے ایک ورکشاپ پر فائرنگ کر کے 8 پاکستانی کار مکینکس کو قتل کردیا تھا، قتل ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب کے شہر بہاولپور سے ہے۔