سید علی گیلانی کی برسی پر صدر اور وزیرِ اعظم کے خصوصی پیغامات

اسلام آباد (پاک صحافت) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کشمیر کی تحریک آزادی کے معتبر رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی عظیم رہنما تھے، جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ سید علی گیلانی اور دیگر کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تحریکِ آزادی کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیری تحریک کے عظیم رہنما تھے اور کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین رکھتے تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سید علی گیلانی نے پوری زندگی اس مقصد کے لیے وقف کر دی، کشمیر کے عوام کی آزادی اور ان کی خودارادیت کی جدوجہد کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں بھی سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا، بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد اور غیر متزلزل عزم مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن و استحکام اور ترقی خطرے میں ہے، مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قرارداد اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان کی لبنان میں بذریعہ الیکٹرانک آلات اسرائیلی دہشتگردی کی مذمت

اسلام آباد (پاک صحافت) دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے