اسلام آباد (پاک صحافت) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحب زادے سید علی موسی گیلانی نے وزیر اعظم کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط سے متعلق سنسنی خیز انکشاف کر دیا۔ سید علی موسی گیلانی کا کہنا ہے کہ یہ خط شاہ محمود قریشی نے بذات خود دفتر خارجہ کے ایک سفارت کار سے لکھوایا۔ ہم عمران خان، شاہ محمود قریشی اور فارن آفس کے ملوث کرداروں کو اس لیٹر گیٹ اسکینڈل سے نہیں نکلنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے سید علی موسیٰ گیلانی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کو دھمکی آمیز خط شاہ محمود قریشی نے ایک سفارت کار سے لکھوایا۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے سفارت کار نے شاہ محمود قریشی کے کہنے پر یہ خط لکھا اور پھر انہی کو بھجوایا۔
واضح رہے کہ علی موسی گیلانی نے جاری بیان میں مزید کہاکہ سفارت کار سے خود ساختہ خط موصول ہونے کے بعد شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو یہ خط پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ خط کے معاملے کے مکمل حقائق سے ذاتی طور پر واقف ہوں، شاہ محمود قریشی اور دفتر خارجہ اس جعلی سازی کے اصل کردار ہیں، شاہ محمود قریشی اور دفتر خارجہ لیٹر گیٹ اسکینڈل میں بری طرح پھنس چکے ہیں۔