اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین نے عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو کے ذریعے تذلیل کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باتیں ریاست مدینہ کی کرتے ہیں پھر عورت کی تذ لیل کرکے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، سیاسی ہتھکنڈوں کے طور پر خواتین کو استعمال کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔ اسلام آباد خواتین لیگی رہنماؤں نے عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو کے معاملے پر ایک پریس کانفرنس کی۔
اس کانفرنس میں شائستہ پرویز نے کہا کہ عزتیں سانجھی ہوتی ہیں، مائیں بیٹیاں اور بہنیں قابل احترام ہوتی ہیں، عورت کی تذلیل کی نہ معاشرہ اجازت دیتا ہے نہ ہی اسلام۔ اُنہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری اکیلی نہیں ہیں پاکستان کی تمام خواتین ان کے ساتھ ہیں، سیاست کو سیاست کی طرح کیا جائے اور مقابلہ سیاسی میدان میں کریں۔ شائستہ پرویز نے کہا کہ باتیں ریاست مدینہ کی کرتے ہیں عورت کی تذ لیل کرکے کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، کہیں تو ریڈ لائن ہونی چاہیے، نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمشہ کسی کے بھی خاندان پر بات کرنے سے منع کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ سیاسی ہتھکنڈوں کے طور پر خواتین کو استعمال کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔ شائستہ پرویز نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری پارٹی قیادت نے ہمیشہ کارکنوں کو گالم گلوچ سے منع کیا۔ وزیرِ مملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے کانفرنس نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرکے اُنہیں عبرت کا نشان بنائیں گے۔