سپریم کورٹ کے فیصلے کا نقصان پی ٹی آئی کو ہوگا، فیصل واوڈا

اسلام آباد (پاک صحافت) سینئر سیاسی رہنما فیصل واوڈا نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا نقصان پی ٹی آئی کو ہوگا۔ فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ چند دنوں میں اپوزیشن کے مزید ٹکڑے ہوجائیں گے کہ اِنہیں سنبھالنا مشکل ہو جائے گا، پی ٹی آئی مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں جو استدعا کی ہی نہیں گئی اس پر بھی فیصلہ آ گیا ہے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں آئین کو دوبارہ لکھا گیا ہے، آئین اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ بینچ نے فیصلہ سنایا۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ 8 ججز کی اکثریت کا فیصلہ ہے، جو جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے