لاہور (پاک صحافت) مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کا اعلان 9 مئی اور 26 نومبر سے بڑا جرم ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی پہلے بانی پی ٹی آئی نے تشکیل دی، اس کے جواب میں حکومتی کمیٹی بنائی گئی۔ دونوں سائیڈ سے اصولی موقف نہیں ہے، دونوں سائیڈ سے خوش دلی سے کمیٹیاں نہیں بنائی گئیں، ایسی کمیٹیاں نیتجہ خیزثابت نہیں ہوتیں۔
جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ سول نافرمانی کی باربار دھمکیاں دی جاتی ہیں، کیا سول نافرمانی 9 مئی سے بڑا جرم نہیں ہے؟ سول نافرمانی ریاست دشمنی ہوتی ہے، امریکا میں لابنگ فرم ہائرکی گئی۔ حکومت پریشان نہیں ہے، پہلے کہتے تھے ہم کوئی غلام ہیں، اب منت سماجت ہو رہی ہے، جنہوں نے بانی کو آفر کی انہیں بے نقاب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو آفر کیا جا رہا ہے اسے بھی پبلک ہونا چاہئے، ریاست کو اپاہج کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔سول نافرمانی ریاست اور ملک کیخلاف دشمنی ہوتی ہے،پاکستان پر کس وجہ سے دباؤ بڑھ رہا ہے چیزیں سامنے آنی چاہئیں۔
انہوں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اداروں کے اندر کچھ لوگ بھی سہولت کاری کر رہے ہیں، یہ ڈونلڈ ٹرمپ سے آج امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔