کراچی (پاک صحافت) سندھ ہائیکورٹ نے پی پی رہنما خورشید شاہ کی جانب سے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ جسے آئندہ چند دنوں میں سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس امجد علی سہتو نے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ضمانت کے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکیل نے اپنے اپنے دلائل پیش کئے۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء سے استفسار کیا کہ کتنے دن میں تحریری دلائل دے دیں گے؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دو ہفتوں کی مہلت دی جائے، عدالت نے کہا کہ دو ہفتے بہت ہیں ایک دو دن سے زائد نہیں دیئے جائیں گے۔ اس کے بعد عدالت نے جمعے تک فریقین کو تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔