اسلام آباد (پاک صحافت) مشیر سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کینالز منصوبہ کے متعلق نام نہاد قوم پرست جماعتیں غلط گیم کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب سندھ کا ایک قطرہ پانی بھی چوری نہیں کرے گا، معاملہ اتفاق رائے سے حل ہو جائے گا۔ بعض نام نہاد قوم پرست جماعتیں اس مسئلے کو غلط طریقے سے اُٹھا رہی ہیں اور سیاست میں اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن وفاقی حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مشیر سیاسی امور رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے کو سیاسی طور پر حل کرنے کے لیے سب کو مل بیٹھ کر بات کرنی ہوگی اور ہمیں اس بات کو تسلیم کرنا ہوگا کہ مسائل کا حل گفتگو اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی سیاستدانوں سے گفتگو نہیں کریں گے تو اس مسئلے کا حل ممکن نہیں ہوگا۔ مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو تعاون کرنا ہوگا تا کہ عوام کے مفاد میں فیصلہ کیا جاسکے اور پانی کے وسائل کا غیر متنازعہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔