لاہور (پاک صحافت) عدالت نے سموگ کے تدارک کیلئے پنجاب بھر میں رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے لاری، بسوں، ٹرک اور ٹرالر کے لاہور شہر میں داخلے سے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرک اور ٹرالر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں، ڈولفن پولیس اور پولیس اہلکار ہیوی ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے تعینات کئے جائیں، ہر سماعت پر حکومت کو سموگ کنٹرول کیلئے اقدامات کا کہتے رہے، اصل آلودگی کا باعث ہیوی ٹریفک کا دھواں چھوڑنا ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا ہے کہ اگر لاری اور بسوں کو نوٹس دیئے ہیں تو ابھی تک بند کیوں نہیں ہوئیں؟ دھواں چھوڑنے والی بسوں کو 50، 50 ہزار جرمانہ کریں تو کیسے ٹھیک نہیں ہوں گے، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی سڑک پر کیسے جاسکتی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کو اقدامات کرنا چاہیے تھے۔