کراچی (پاک صحافت) سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاض سے کراچی پہنچنے والے متعدد مزید مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے مزید 19 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جس کے بعد تمام مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔ مسافر سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 708 کے ذریعے ریاض سے کراچی پہنچے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی جمعے کے روز ہی سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والے 17 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ بعد ازاں مسافروں کو بس کے ذریعے سندھ گورنمنٹ کے لیاقت آباد قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا تھا۔