اسلام آباد (پاک صحافت) مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ افسوس ہے کہ سائفر کے معاملے کو بھی سیاست اور لیول پلیئنگ فیلڈ کی نذر کیا گیا۔ خرم دستگیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں بھی ملک بھر میں ہونے والی نئی حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، تحریک انصاف کے پاس عدالت جانے کا آپشن موجود ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ ٹکٹوں سے متعلق تقریباً 20 نشستوں پر تنازع ہے جو 4،3 دنوں میں حل ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے بہت بڑا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد فیصلہ کن مذاکرات نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آئی پی پی کے قائدین کی ایڈجسٹمنٹ ممکن ہوگی مگر ان کا جو بڑا ایجنڈا ہے اس پر گفتگو ہونا باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پی سے معاملات میں پیش رفت ہونا باقی ہے، ٹکٹوں پر حتمی فیصلہ کرنے کے بعد دیکھیں گے کہاں اسپیس دینا ہے ہم اس پر بات کریں گے۔
خرم دستگیر نے بتایا کہ آئی پی پی کو پنجاب میں ایڈجسٹ کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں، ہم چاہیں گے کہ دیگرجماعتوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں۔ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد آنیوالی اسمبلیوں میں سیاسی استحکام پیدا کرنا ہے اس کیلئےسیٹ ایڈجسٹمنٹ کرینگے، جو جماعت لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا کہہ رہی ہےاس نے ڈھائی ہزار کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔