لاہور (پاک صحافت) زمان پارک کی تلاشی کیلئے آنے والی ٹیم کو عمران خان کی لیگل ٹیم نے سرچ آپریشن کی اجازت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن کی سربراہی میں تلاشی کیلئے جانے والی ٹیم نے سرچ وارنٹ دکھائے تو عمران خان کی لیگل ٹیم نے رہائش گاہ میں سرچ آپریشن کی اجازت دیدی ہے۔ ڈی سی لاہور، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
سرچ وارنٹ کے مطابق پولیس ٹیم سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں کی تلاشی لینے کی مجاز ہے۔ عمران خان کی رہائش گاہ کے سرچ وارنٹ پر 18 مئی کی تاریخ درج ہے جسے انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے جاری کیا۔
ذرائع کے مطابق تلاشی کیلئے دیگر افسران کے علاوہ خواتین اہلکار بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے الزام عائد کیا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس سمیت فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالے 40 کے قریب دہشت گرد عمران خان کی رہائش گاہ میں موجود ہیں۔