لاہور (پاک صحافت) عمران خان کی رہائشگاہ والا علاقہ زمان پارک مکمل طور پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے زیر کنٹرول آگیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اِکا دُکا کارکن بھی زمان پارک سے غائب ہوگئے، خیمے اکھڑ گئے، پولیس اہلکار عمران خان کے گھر کے دروازے پر بیٹھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار آنے اور جانے والوں کی انٹری کرنے لگے جبکہ اردگرد کی سڑکوں پر رکاوٹیں دور کرنے کے لیے پولیس نے کرین منگوالی۔ دوسری جانب عمران خان اپنے گھر کے اندرونی حصوں کی تلاشی نہ دینے کی ضد پر قائم ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ پہلے شرطیں پوری کرو، پھر گھر کی تلاشی لو، عمران خان نے سرکاری ٹیم کو سرچ آپریشن سے روک دیا۔
واضح رہے کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے کور کمانڈر ہاؤس سمیت فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ملزمان کے نام اور حملوں کے ثبوت عمران خان کو دیے، براہ راست ملوث پی ٹی آئی کی قیادت کی تفصیل بھی بتائی۔