کراچی (پاک صحافت) وزیرِ مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے سستا خام تیل آ رہا ہے، پاکستان روس اور سینٹرل ایشیا کا گیٹ وے ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ کم قیمت والے روسی تیل سے عوام کو فائدہ ہوگا، ایران سے گیس خریدنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان پر پابندی بھی نہیں چاہتے۔
تفصیلات کے مطابق روس کی نجی شپنگ کمپنی کے جہاز کی کراچی پورٹ آمد پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مصدق ملک نے کہا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں کے باعث روس سے سستا تیل پاکستان آئے گا، روس سے تیل خریدنے پر کوئی دباؤ نہیں، امریکا کا کہنا ہے روسی تیل کی خریداری پر اعتراض نہیں۔انہوں نے کہا کہ خلیجی ریاست سے 2 پیٹرول کے جہاز خریدنے کے لیے معاہدہ کریں گے، دنیا پاکستان کو تجارت میں آگے دیکھنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے ہر معاملے کو سیاسی بنایا۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے وسط ایشیا ممالک سے دوستی مزید بڑھائیں، پاکستان وسط ایشیائی ممالک سے تجارت بڑھانےجا رہا ہے۔ وزیرِ مملکت نے کہا کہ 10 ارب ڈالر کی ریفائنری میں سرمایہ کاری کا اعلان جلد ہوگا۔