ڈی جی خان (پاک صحافت) پولیس نے تونسہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق آر پی او سجاد حسن خان کے مطابق 10 سے 12 دہشت گرد راکٹ لانچرز اور جدید اسلحہ سے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ آور ہوئے جس کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی سے دہشت گرد فرار ہوگئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تونسہ میں لکھانی چیک پوسٹ پنجاب، کے پی سرحدی علاقے پر واقع ہے اور رواں مہینے میں یہ پانچواں حملہ تھا جسے ناکام بنادیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تونسہ میں پولیس چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی۔ اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس نے بہادری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور حملہ پسپا کیا، خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کی تحسین کرتے ہیں، ڈیرہ غازی خان پولیس کے بہادر سپوتوں نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کے حملوں کو پسپا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس نے انتہائی پروفیشنل انداز میں خوارجی دہشتگردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنایا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والی پولیس کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، پنجاب پولیس کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پر فخر ہے۔