کوئٹہ (پاک صحافت) دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ واقعے میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے سبی میں دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے بم دھماکے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 6 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ سبی کی تحصیل سانگان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہید اور زخمی ہونے والے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) سبی منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے تمام 6 اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔