اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی حکومت نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے کامیاب کسان منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان کل ساہیوال کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں کامیاب کسان پروگرام منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے بتایا کہ کامیاب کسان منصوبہ کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے شروع ہوگا ، جس کے تحت حکومت زرعی شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی ، اس سلسلے میں کل ساہیوال میں وزیراعظم نوجوان کسانوں میں ٹریکٹرز تقسیم کریں گے۔
مزید پڑھیں:وزیر ریلوے اعظم سواتی نے قبضہ مافیا کو خبردار کر دیا
اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بلین ڈرائی فروٹ پراجیکٹ کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا میں خشک میوہ جات کے درخت لگائے جائیں گے ، اس ضمن میں محکمہ زراعت کو منصوبہ جلد قابل عمل بنانے کی ہدایت کردی گئی جب کہ محکمہ جنگلات کو بھی جامع سروے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، بتایا گیا ہے کہ بلین ڈرائی فروٹ کے حوالے سے سروے رپورٹ آنے کے بعد منصوبے کو عملی شکل دی جائے گی ، منصوبے کی نگرانی گورنر خیبر ختونخواہ شاہ فرمان کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے حکومت نے بلین ٹری سونامی شہد منصوبہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا ، جس کا باقاعدہ اعلان وزیراعظم عمران خان کی طرف سے 21 دسمبر کو کیا گیا ،اس منصوبے کے تحت پاکستان کے 10 لاکھ ایکڑ جنگلات میں7 اقسام کے شہد کی پیدوار ہوگی جس سے ملک بھرمیں 12 ہزارمیٹرک ٹن شہد کی پیدوار ہوگی ، جس میں سے 1200 میٹرک ٹن بلین ٹری سونامی شہد کے نام سے برانڈ ایکسپورٹ کرسکیں گے۔