راولپنڈی (پاک صحافت) عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ حکومت نے جماعت اسلامی کے 35 کارکنان کی فوری رہائی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے وفد سے مذکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے تمام گرفتار کارکنان کی رہائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔ کل جو مذاکرات کا دور ہوگا اس میں ہماری کوشش ہوگی کہ معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں۔ ہماری کوشش ہے کہ دھرنے کو لیاقت باغ کے اندر منتقل کیا جائے۔ ہماری کوشش ہے اس مسئلے کو جلد سے جلد ختم کیا جائے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے زیادہ ترمطالبات بجلی سے متعلق ہیں۔ آج جماعت اسلامی کی جانب سے 35 گرفتار کارکنان کی فہرست فراہم کی گئی، جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جن حالات میں حکومت ملی یہ آسان کام نہیں تھا۔ 2018 میں ہم مہنگائی 4 فیصد پر چھوڑ کر گئے تھے۔ حکومت کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اخراجات میں کمی اور نجکاری سے اسپیس پیدا ہوگا۔