اسلام آباد (پاک صحافت) شازیہ مری کا کہنا ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت معیشت کے استحکام کے لیے درست اقدامات کر رہی ہے، جلد ،معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے معیشت کے حوالے سے کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام کے لیے درست اقدامات کر رہی ہے۔ ان کی وزارت غریبوں کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔
شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کیلئے نقصان دہ عوامل بالآخر ملک کے غریب طبقات کو سب سے زیادہ متاثر کرتے ہیں۔ پاکستان کا شمار ان 43 ممالک میں ہوتا ہے جو سب سے زیادہ غربت کا شکار ہیں جبکہ اس کی 54 فیصد آبادی صحت کے مسائل کی وجہ سے غربت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 52 ملین لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں جبکہ 30 فیصد گھرانوں کو خوراک کے عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 80 لاکھ خاندانوں کو مالی مدد اور دیگر سہولیات فراہم کرتا ہے۔