اسلام آباد (پاک صحافت) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت جھوٹے بیانات اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتی۔ حکومتی نااہلی اور ناکامی سب پر واضح ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ واحد کام جو پی ٹی آئی حکومت کرنے میں ماہر ہے وہ اپنی نااہلی اور ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر پھینکنا ہے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈہرکی میں پیش آنے والے افسوس ناک ٹرین حادثے اور بدترین لوڈ شیڈنگ کا الزام بھی حکومت ن لیگ پر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے اب کوئی عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتا ہے اور نہ ہی اپنی نااہلی اور ناکامی چھپا سکتا ہے۔