لاہور (پاک صحافت) شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نااہل حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکا نہیں سکتی۔ عوامی حقوق اور حکومتی نالائقی پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے اپنے والد اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ جاتی امرا اراضی کیس کے متعلق شہبازشریف نے مشورہ دیا ہے کہ اسے عدالت کے ذریعے سے حل کروایا جائے۔
شہبازشریف نے حکومت کے اس اقدام کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت ایسے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکا نہیں سکے گی۔ جاتی امراء اراضی قانونی طور پر خریدی گئی ہے جبکہ اس میں کسی قسم کی کوئی قانونی بے ضابطگی نہیں ہے۔ حکومت مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ سب ڈرامے کررہی ہے۔ حکومتی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔