لاہور (پاک صحافت) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبہ پنجاب کے نئے مالی سال 2022-23 کی بجٹ تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ مالی سال 2022-23 کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے گی جبکہ کابینہ اجلاس میں ضمنی بجٹ مالی سال 2021۔22کی بھی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں نئے مالی سال کے مالیاتی بل اور مالی سال2021۔22 کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے بھی غور کیاجائے گا۔