اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جیسے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کی ویسے عدلیہ نے بھی ورلڈ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری اظہار خیال کیا کہ پاکستان کے مسائل کچھ آپ کے ہاتھ میں ہیں کچھ آپ کے ہاتھ میں نہیں، اداروں کے درمیان فاصلہ نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ادارہ بار بار مداخلت کرتا ہے، جوڈیشری کی تاریخ سب کے سامنے ہے، ہماری عدلیہ نے ارشد ندیم کی طرح ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے، ہماری عدلیہ اتنی قابل ہے کہ نہ صرف عدالت چلاتی ہے ڈیم بھی بناسکتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تاثر یہ بن رہا ہے کہ ایک ادارہ بار بار سیاست میں مداخلت کرتا ہے، ہماری عدلیہ اتنی قابل ہے کہ انصاف بھی دلاتے ہیں، ڈیم بھی بناتے ہیں، ہماری عدلیہ سموسے ٹماٹر کی قیمتیں بھی طے کرسکتی ہے، ہماری عدلیہ اتنی ٹیلنٹڈ ہے دنیا میں کوئی ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سموسے اور ٹماٹر کی قیمتوں کی بات آتی ہے تو آئین اور قانون پتا نہیں کہاں چلا جاتا ہے، ہماری عدلیہ اتنی زبردست ہے کہ کوئی جوڈیشری ان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ ذوالفقار بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو اور شہریوں کے کیسز آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بحران کا ذمہ دار اس ایوان میں بیٹھا کوئی شخص نہیں، یہ بحران عدلیہ کی وجہ سے ہے، عدالت نے کہا تھا یہ تو انہوں نے الیکشن میں دھاندلی کی جس کی وجہ سے نشان نہیں ملے گا، انتخابی نشان سے متعلق فیصلہ میں نے نہیں سنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے ایک مری ہوئی سیاسی جماعت کو فائدہ دیا کہ پوری جماعت موبلائز ہوگئی، اس فیصلے کے سیاسی اثرات بھی تھے۔