اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جو بھی احتجاج کے لیے اسلام آباد آئے گا، پکڑا جائے گا، اس پر پرچہ کٹے گا۔
تفصیلات کے مطابق عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہم بیرسٹر گوہر سے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو جو پیغام دینا تھا وہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دے دیا۔ تحریک انصاف کو احساس کرنا چاہیے، ان کا ایک ماضی ہے، اس لیے اجازت نہیں مل رہی۔ کے پی کے لوگ جنازے اٹھا رہے ہیں، پوچھتا ہوں کیا وزیراعلی علی امین گنڈاپور وہاں گئے؟ 18ویں ترمیم کے بعد امن و امان کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ جلسہ ہو یا کوئی اور ایونٹ انتظامیہ سے اجازت لی جاتی ہے، انہوں نے پہلے بھی میٹرو اسٹیشن اور درختوں کو آگ لگائی تھی۔ ہم بیرسٹر گوہر سے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، بیرسٹر گوہر کو پیغام دینا تھا وزیر داخلہ محسن نقوی نے دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے یہ پورے ملک میں دندناتے تھے کسی نے ان کو نہیں روکا، ہمارے احتجاج میں کبھی املاک کو نقصان نہیں پہنچا ان کے پرامن رہنے کی گارنٹی کون دے گا۔