اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی پشت کے پیچھے 22 کروڑ عوام اور قومی ادارے ہیں، جو اس سے ٹکرائے گا وہ اپنا سر پھوڑے گا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ حکومت دل پر پتھر رکھ کر پاکستان کے مفاد میں فیصلے کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پنجاب میں اسپیکر اور وفاق میں صدر مملکت کے عہدے کو بے توقیر کررہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ آئین وقانون پر یقین نہیں رکھتے، جو آئین سے ٹکراتا ہے وہ خود پاش پاش ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان میں جو مہنگائی اور غربت ہے آئی ایم ایف کو بھی سمجھنا چاہیے کہ ایسی ریفارمز سے پاکستان جیسی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ ہمارے نئے اقدامات سے کرنسی اور سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوگا۔ عمران خان ملک تباہ کر کے خود بنی گالہ جا کر بیٹھ گئے ہیں، اپوزیشن حکومت پر اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری ڈال کر انتشار پھیلانے کی بجائے مثبت رویہ اپنائے اور نیشنل چار ٹر آف اکانومی کا حصہ بنے۔