جوڈیشل ایکٹوازم سے سب سے زیادہ متاثر پیپلز پارٹی ہوئی، شرجیل میمن

کراچی (پاک صحافت) سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ جوڈیشل ایکٹیوازم سے سب سے زیادہ متاثر پیپلز پارٹی ہوئی۔ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میثاقِ جمہوریت سے اٹھارہویں ترمیم وجود میں آئی، آصف علی زرداری نے سارے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے، آئینی عدالتوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی 2008ء میں بھی کلیئر تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی ذاتی طور پر کوششیں کر رہے ہیں کہ تمام پارٹیز سے بات چیت ہو، لاکھوں مقدمات اب تک زیرِ التواء ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ 20 سال قید میں رکھنے کے بعد فیصلہ آیا کہ یہ بندہ بے قصور تھا، انصاف سب کے لیے ہونا چاہیے صرف مخصوص افراد کے لیے نہیں۔ اُنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، 45 سال بعد فیصلہ آیا بھٹو بے قصور تھے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بینظیر بھٹو عدالتوں کے چکر کاٹتی رہیں ان کو انصاف نہیں ملا اور اب اُنہیں شہید ہوئے 16 سال ہو گئے۔ اُنہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے عدلیہ کو آنکھیں دکھائیں وہی لوگ منظورِ نظر بنے ہوئے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی پر اتنے کیسز ثابت ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہیں عدالتوں سے ریلیف مل رہا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر سندھ نے سوال کیا کہ جیل میں ملنے کے لیے خان صاحب سے لسٹ مانگی گئی آپ کس کس سے ملنا چاہتے ہیں، یہ سہولت پاکستان میں عام قیدیوں کو کیوں نہیں ہے؟

اُنہوں نے کہا کہ آصف زرادری کو بکتر بند اور پولیس موبائلوں میں لایا جاتا تھا لیکن بانیٔ پی ٹی آئی کو مرسڈیز مں لایا گیا اور اس وقت کے چیف جسٹس نے اُنہیں’گڈ ٹو سی یو‘ بھی کہا۔ شرجیل میمن نے سوال کیا کہ فارن فنڈنگ اکاؤنٹ میں بھارت اور اسرائیل سے پیسے آئے، اسرائیل آپ کو فنڈنگ کیوں کر رہا تھا؟

اُنہوں نے کہا کہ میئر لندن کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی نے زیک گولڈ اسمتھ کی مہم چلائی، اسرائیلی جریدوں نے لکھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے ایک خاص وزیر کو اسرائیل بھیجا، پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بات وہ اسرائیل کر رہا ہے جس نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

محکمۂ تعلیم میں کرپٹ عناصر برداشت نہیں ہونگے، مریم نواز

لاہور (پاک صحافت) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ محکمۂ تعلیم میں کرپٹ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے