اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، جنرل عاصم منیر بھی سعودی عرب، کویت اور یو اے ای سے اربوں ڈالرز کے وعدے لے کر آئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی مشکلات سے نکل کر ترقی کے راستے پر گامزن ہورہا ہے۔ یہ سفر نا صرف مشکل اور طویل ہے بلکہ اشرافیہ سے قربانی کا تقاضہ کرتا ہے۔ پوری قوم کی نظریں حکومت پر لگی ہیں، مہنگائی آج 38 فیصد سے 12 فیصد ہوچکی ہے۔ اپریل 2022 میں اقتدار سنبھالا تو معاشی صورتحال ابتر تھی، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے نوازشریف اور آصف زرداری کی رہنمائی میں کام کیا، سہرا نواز شریف اور 13 اتحادی جماعتوں کے اکابرین کو جاتا ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہوگئی ہے، شرح سود کم ہونے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ جب کہ گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 10 روپے فی لیٹر کمی آئی، مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف ملے گا، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ریلیف ابھی ناکافی ہے۔ سیاسی عدم استحکام ترقی اور خوشحالی کا سب سے بڑا دشمن ہے، جب بھی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہوا کوئی نہ کوئی حادثہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی چور بھی دشمن ہے جس کی چوری کی سزا بل دینے والوں کو مل رہی ہے، عوام کا دشمن وہ ہے جو غازی اور شہدا کی توہین کرتا ہے، عوام کی خدمت کا فرض پورا نہ کرنے والا سرکاری اہلکار بھی دشمن ہے۔ 4 سال میں جو بحران آیا اس میں غریب کیلئے روٹی کا حصول مشکل ہوگیا، تاہم آئندہ عوام کو مزید ریلیف اور آسودگی ملنے کی قوی توقع ہے، ہم پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور کاروبار کے فروغ کیلئے محنت کریں گے، ملک کو کھویا ہو مقام واپس دلوائیں گے۔