قاہرہ (پاک صحافت) جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق خان غزہ کے فلسطینیوں کی مدد کیلئے مصر پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر مشتاق نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہلال احمر مصر کے سربراہ ڈاکٹر رامی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹر مشتاق خان نے فلسطینیوں کیلئے پاکستانی قوم اور پاکستانی فلاحی تنظیموں کی جانب سے ڈاکٹرز، ادویات، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ غزہ کی ہر ضرورت پورا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان سے ہر شعبہ کے ماہر ڈاکٹرز غزہ آنے کیلئے تیار ہیں اور پاکستانی قوم ڈاکٹرز، ادویات اور خوراک سمیت فلسطینیوں کی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کرے گی۔
مشتاق خان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ڈاکٹر رامی نے بتایا کہ فوری سیز فائر ناگزیر ہے تاکہ انسانی امداد غزہ پہنچائی جاسکے، تباہی اتنی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے کہ ناقابل بیان ہے۔