اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کا اتنی سیٹیں جیتناحیران کن ہے، بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو 85 سیٹیں ملیں، کیا یہ حیران کن نہیں۔ سعید غنی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کو ہر ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی، ماضی میں کئی انتخابات میں جماعت اسلامی ہاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے زیرنگرانی 6 یوسیزکی دوبارہ گنتی کروا دی جائے، یوسیز کے بعد جماعت اسلامی نے 3 یوسیز کے لیے مزید درخواست دی، جماعت اسلامی ہمارے ساتھ بیٹھے ہم بات کرنے کو تیار ہیں، جماعت اسلامی نے جتنی سیٹیں حاصل کی ہیں اس پر شکر کرے۔یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی ہوئی تو جماعت اسلامی ہار گئی، جماعت اسلامی نے ان یونین کونسلز میں ہنگامہ آرائی کی، ہماری رائے ہے کہ یہ معاملہ الیکشن ٹریبونل میں جائے۔
واضح رہے کہ وزیر محنت و افراد قوت سندھ نے مزید کہا کہ ہمارا نتیجہ توقعات سے کم اور جماعت اسلامی کا نتیجہ حیران کن ہے، شاید ان کے پاس پیرنی تھی جنہوں نے انہیں بتایا کہ حافظ نعیم میئر ہوں گے، ہم جماعت اسلامی کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں، ہمارا مینڈیٹ بھی تسلیم کیا جائے، ہماری رائے میں تمام کیسز الیکشن ٹریبونلز میں جانے چاہئیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں اے سی اورنگی ٹاؤن کا رویہ نامناسب تھا، اے سی اورنگی ٹاؤن کو بار بار بلایا گیا، شاید اس بات پر انہوں نے ردعمل دیا، سرکاری افسران کے اسلام آباد آنے پر کروڑوں روپے خرچ آتا ہے، اے سی اورنگی ٹاؤن کی اتنی تنخواہ نہیں کہ وہ ایک مہینے میں 3 بار اسلام آباد آئیں۔