لاہور (پاک صحافت) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جعلی فارم 45 کے بعد پیش خدمت ہے یورپی یونین کا جعلی پریس ریلیز، جعلی فارم 45 پر یورپی یونین کو خود تردید کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور دنیا کو پتہ چل گیا ہوگا یہ کتنے بڑے جھوٹے اور جعلساز ہیں، برطانوی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کو بھی اتوار کو پی ٹی آئی کے جھوٹ پر تردید جاری کرنی پڑی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے الزامات پر چین کو تردید کرنا پڑی تھی، جو اپنے سیاسی مفاد کے لیے پاکستان کی عالمی رسوائی کرانے سے بھی باز نہیں آتے، پاکستان اور اداروں کے لیے عالمی جعلساز اور جھوٹا فتنہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ 9 مئی سمیت ہر موقع پر پاکستان اور اداروں پر حملہ کرتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ کرنےکی دعوت دی گئی، ملکی حساس راز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے ملک کی خارجہ پالیسی پر حملہ کیا گیا۔