اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جشن بہاراں میلے کے انعقاد کا مقصد پاکستان کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا اور جشن بہاراں کے لیے شمع پریڈ کی ریہرسل کا معائنہ کیا۔ بعدازاں وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آبادپولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں جشن بہاراں میلے کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جشن بہاراں میں عوام کی تفریح کیلئے پہلی بار روایت سے ہٹ کر منفرد پروگرامز پیش کئے جائیں گے، جشن بہاراں کا مقصد پاکستان کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جشن بہاراں میں سفارتی برداری کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ ہماری ثقافت سے روشناس ہوسکیں، پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کے سی ای آوز کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔