لاہور (پاک صحافت) سابق چیف جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی ہے تاہم ان کی جانب سے آڈیو کی تردید کی جارہی ہے، جس پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا بھی ردعمل سامنے آگیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں مریم نواز نے ثاقب نثار کے تردیدی بیان پر ’ﷲ اکبر‘ لکھا۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار سے منسوب نئی مبینہ آڈیو سامنے آگئی، جس میں وہ نواز شریف کو سزا دلوانے کی ہدایات دے رہے ہیں، اسکے علاوہ آڈیو ٹیپ میں وہ مبینہ طور پر یہ بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں۔
واضح رہے کہ دوسری جانب سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے خود سے منسوب سوشل میڈیا پر زیرگردش مبینہ آڈیو کلپ کی تردید کردی۔ ان کاکہنا ہے کہ یہ من گھڑت آڈیو مجھ سے منسوب کی گئی ہے، جو میں نے بھی سنی ہے۔ یہ آواز میری نہیں ہے، کبھی کسی کو اس حوالے سے ہدایات نہیں دیں۔