اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ تمام اہل وطن سے گزارش ہے آج کے دن سے متعلق تعصبات سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جرات مند، محنتی اور بہادر عورتوں سمیت دنیا بھر کی عورتوں کو آج کا دن مبارکباد ہو۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ آج کا دن خواتین کی ’جدوجہد‘ کی علامت ہے، یہ دن منانے کا مقصد عورتوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے حقوق کو تسلیم کرنا ہے اور ان کے مساوی حیثیت سے متعلق بیداری پھیلانا ہے، پاکستان کی 49 فیصد آباری عورتوں پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ شیری رحمٰن نے مزید کہاکہ عورتیں خاندانی نظام، معاشرے، ملک اور معیشت سمیت ہر شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں، ملک بھر کی عورتوں کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات اور برابری کا ماحول ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کو آئین اور قانون کے مطابق حقوق اور مقام ملنا چاہیے، تاکہ وہ سماجی اور معاشی طور پر باوقار زندگی گزار سکیں۔