لاہور (پاک صحافت) وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تشدد کی شکار خواتین کو قانونی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ بچوں، خواتین پر تشدد میری ریڈ لائن ہے، بچیوں کے تحفظ کی بات آتی ہے تو مختلف چیزوں کو بہانہ بنایا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت بھی پہلا مرحلہ جاری ہے، اس پروگرام کا سیکنڈ فیز بھی شروع ہو گا۔ اپنے صوبے میں خواتین کے لیے جاری پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ نےحکم دیا ہے کہ جتنی بچیوں نے درخواستیں دی ہیں ان کو الیکٹرک بائیکس ملیں گی، اس کے علاوہ الیکٹرک بسز میں بھی خواتین کے لیے حصہ مختص کیا گیا ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں رہنے والی تمام خواتین کو مبارک باد پیش کرتی ہوں، ہمیں اپنے معاشرے کے اندر خواتین کی تفریق ختم کرنےکی بہت ضرورت ہے، اپنےخلاف ہونے والے ظلم پر اب خواتین بات کرنے لگی ہیں۔ بچیوں میں تعلیم کے شوق کے حوالے سے انہوں کہا کہ جس بورڈ میں رزلٹ اٹھا کر دیکھ لیں بچیاں ٹاپر ملتی ہیں۔