ڈیرہ غازی خان (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے ترقی پاکستان کا مقدر بن چکی ہے، اگر محنت کر کے بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔ ڈی جی خان میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پنجاب میں نوازشریف کے دور میں ترقی ہوئی، آج آپ کی خدمت میں مریم نواز حاضر ہیں، جنوبی پنجاب کا کوٹا نواز شریف اور میں نے زیادہ رکھا، یہ آپ پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ آپ کا حق تھا، مریم نواز بھی یہاں اسپتالوں کا جال بچھا رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ساری عمر آپ کی خدمت کرتے رہیں گے تو احسان نہیں چکا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا جب اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی، نوازشریف نے سیاست قربان کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان کو بچایا، آج مہنگائی 2.4 فیصد پر آگئی ہے، بینکوں کی شرح سود 22 فیصد سے 12 فیصد پر آگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا ایک سیاستدان کہتا تھا شہباز شریف پیسے مانگنے جاتا تھا، کیا آپ بانٹنے جاتے تھے؟ ملک کی معیشت مستحکم ہوگئی ہے، لیکن ہمیں خوشحالی لانی ہے، نوجوانوں کو روزگار دلانا ہے، بجلی کے بل مزید کم کریں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا دشمن گھس بیٹھیے گھات لگائے بیٹھے ہیں، دشمن کے کہنے پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی ہو رہی ہے، دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے قربانی دی جا رہی ہے، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک کی ترقی نہیں ہو سکتی۔