اسلام آباد (پاک صحافت) جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہیں جبکہ تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت آسکتی ہے جس کے لئے اتحادی جماعتوں سے رابطے شروع کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے نمبرز پورے ہونے کے بعد حکومتی اتحادیوں سے بات چیت شروع ہوئی ہے۔ بہت جلد عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو گھر کا راستہ دکھائیں گے۔
رہنما ن لیگ جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت آسکتی ہے، جب میں یہ کہہ رہا ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ لانگ مارچ سے پہلے ہوسکتا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام اپوزیشن جماعتیں نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے متحد ہیں، بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا۔
Short Link
Copied