اسلام آباد (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ فلاپ ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی عوام کو باہر نکالنے اور نئے سربراہوں کی تقرریوں کو کمزور کرنے میں ناکام ہوگئی اور ناکامی کے بعد اب استعفوں کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان پنڈی سے آزادی کا نہیں بلکہ انہیں سلیکٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومت کب تک سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہوگی؟۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ تمام اسمبلیوں سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔