اسلام آباد (پاک صحافت) قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ اپنے خاص مقصد کا کام لیتا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سویٹ ہوم اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے سویٹ ہوم اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب نور سحر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سویٹ ہومز کے ذریعے بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہونگے، جس خوب صورت ماحول میں ان بچوں کی تعلیم و تربیت ہو رہی ہے یہ ان کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے سویٹ ہومز سمیت دیگر فلاحی اداروں کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں، انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے والے افراد خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔