اسلام آباد (پاک صحافت) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اور دیگر وزرا کے بیانات انتہا پسند ذہنیت کے عکاس ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی لوک سبھا کے الیکشن مہم کے دوران وہاں کی سیاسی شخصیات اور رہنماؤں کے پاکستان کے خلاف نفرت انگیز بیانات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جو انتخابی فوائد کے لیے ہائپر نیشنلزم کا فائدہ اٹھانے کے ارادوں کا کھلا اظہار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ بھارتی وزرا کے غیر ذمے دارانہ بیانات کو پاکستان بالکل مسترد کرتا ہے۔ یہ بیانات پاکستان کے ساتھ بھارت کے غیر ضروری اور لاپروا جنون کا اظہار ہے۔ بھارتی وزرا کی طرف سے الیکشن مہم کے دوران بڑھتی نفرت انگیزی اور پاکستان مخالف بیان بازی دراصل خود پر کی جانے والی بین الاقوامی تنقید پر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت کا مقصد اپنی خودمختاری کا تحفظ اور اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کرنا ہے۔ پاکستان نے ماضی میں بھی اپنے دفاع کے عزم کا واضح طور پر مظاہرہ کیا ہے اور اگر بھارت کی جانب سے کسی مہم جوئی کا انتخاب کیا گیا تو مستقبل میں بھی ایسا کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔