بلوچستان میں جیالے ہی دہشتگروں کا مقابلہ کریں گے۔ وزیراعلی بلوچستان

سرفراز بگٹی

کوئٹہ (پاک صحافت) وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جیالے ہی دہشتگروں کا مقابلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جہاں جاتا ہوں پیپلز پارٹی کے جیالوں سے ملتا ہوں، میرے دروازے پیپلز پارٹی کے جیالوں کے لیے کھولے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان بن کر پھولوں پر نہیں کانٹوں پر بیٹھا ہوں، بلوچستان میں جیالے ہی دہشتگروں کا مقابلہ کریں گے،کسی کی بندوق کا نہیں یہاں صرف عوام کا نظریہ چلے گا، روزگار پیپلز پارٹی کے ورکرز کو ملے گا۔

وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ حکومت سب کو روزگار نہیں دے سکتی، ہم نے تکنیکی تعلیم کیلئے پروگرام شروع کیا ہے، نوجوان جائیں داخلہ لیں، تکنیکی تعلیم کے بعد نوجوانوں کو خلیجی ممالک بھیجیں گے۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ اخوت کے اشتراک سے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے روزگار دیں گے، بلوچستان کا نظام کرپشن میں جکڑا ہوا تھا، صوبے میں بیڈ گورننس عروج پر تھی، بلوچستان کو گورننس کی مثال بنا کر جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے