بانی پی ٹی آئی کے دور میں فرح گوگی، ذلفی بخاری کے نام زمینیں ٹرانسفر ہوئیں، نیب وکیل

راولپنڈی (پاک صحافت) قومی احتساب بیورو (نیب) وکیل امجد پرویز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی وزارت عظمیٰ میں فرح گوگی اور ذلفی بخاری کے نام زمینیں ٹرانسفر ہوئیں، 190 ملین پاؤنڈ معاملے پر پردہ ڈالنے کے لیے بعد میں وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اوراُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی، نیب وکیل امجد پرویز نے دلائل دیے۔

انہوں نے کہا کہ 6 نومبر 2019 کو معاہدے پر دستخط ہوئے، معاہدے کی منظوری کابینہ سے 3 دسمبر 2019 کو لی گئی ۔ نیب وکیل نے مزید کہا کہ رقم کی پہلی قسط 29 نومبر 2019 کو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آچکی تھی، کابینہ کو بھی نہیں بتایا گیا کہ پہلی قسط پاکستان پہنچ چکی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ اور نیشنل کرائم ایجنسی کے درمیان بات چیت 2018ء سے جاری تھی، کابینہ کی منظوری سے پہلے ہی معاہدہ این سی اے کو بھجوایا جاچکا تھا۔ امجد پرویز نے یہ بھی کہا کہ معاملات پر پردہ ڈالنے کےلیے بعد میں کابینہ سے منظوری لی گئی، پیسے وفاقی حکومت کے اکاؤنٹ کے بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منگوائے گئے۔

نیب وکیل نے استفسار کیا کہ کیا جلدی تھی کہ اس معاملے کو 7 دن پہلے کابینہ ممبران کو سرکولیٹ نہیں کیا گیا؟ کل بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کی جانب سے حتمی دلائل کا آغاز کیا جائے گا، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کل صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے