اسلام آباد (پاک صحافت) حکومت نے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے جلد اپنی کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ ہوا ہے، پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم بھی رابطے میں ہے۔ میں نہیں سمجھتا پیر کو بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد مذاکرات متاثر ہوں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ اگر فیصلہ اُن کے حق میں آیا اور وہ بری ہوگئے تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگا، فیصلہ خلاف آنے پر تحریک انصاف کی طرف سے بھی مذاکرات کا عمل معطل نہیں ہونا چاہیے۔ سیاسی معاملات کا حل سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ہے،ہر ایشو پر بات ہوسکتی ہے، گارنٹی نہیں کہ کونسی بات تسلیم کریں گے اور کونسی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا اندازہ ہے ایک آدھ روز میں معاملے پر پیشرفت ہوجائے گی، مذاکرات سے پہلے یہ کہہ دیا کہ یہ یہ مان لیں تو پھر مذاکرات کی ضرورت کیا ہے؟۔ میری اطلاع کے مطابق اسپیکر صاحب سے پی ٹی آئی کی کمیٹی کا رابطہ ہے،یہ معاملہ 2018 سے شروع ہوتا ہے، جن چیزوں کی وہ بات کررہےہیں ہم وہ سب بھگت چکے ہیں۔