لندن (پاک صحافت) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ لندن میں نیوز کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے جن 25 افراد کو سزائیں سنائیں ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا معاملہ عدلیہ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ ملک کے دفاع کو کوئی بھی چیلنج نہیں کرسکے گا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ عدلیہ کےلیے باعث شرم ہے، 2018 میں پی ٹی آئی کو آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا۔ اُس وقت جنرل باجوہ مائنس نواز شریف پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب اقتدار سے محروم ہوئے تو امریکا ایبسلوٹلی ناٹ ہوگیا، اب وہ امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی کی محبت میں پاگل ہوگئے ہیں انہیں ان کا ماضی دیکھنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی خود فوج کی سب سے بڑی پروڈکٹ ہیں۔